اٹانی ایون میں جنگل کے تنازعے پر دو فریقوں کے درمیان جھگڑا؛چھ افراد زخمی

چترال(نذیرحسین شاہ)ایون کے گاؤں آٹانی میں دو فریقوں کے مابین جنگل کے تنازعے میں چھ افراد زخمی ہوگئے جبکہ دونوں فریقین میں مجموعی طور ایک خاتون سمیت 33افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ایون کے مقام آٹانی میں کئی عرصے سے مقامی لوگوں اور مال مویشی پالنے والے گجر برادری کے مابین ایک تنازعہ چلا آرہا ہے اور عدالت نے جنگل کو بچانے کیلئے شاہ بلوط کے درختوں کی مال مویشیوں کیلئے چارہ کے طور پر کٹائی پر پابندی لگا دی ہے ۔ مقامی ناظمین ،کونسلرز اور دیگر افراد گذشتہ ڈیڑھ مہینے سے کیمپ لگا کر جنگل سے مال مویشیوں کیلئے شاہ بلوط کے درختیں کاٹ کر لانے کی نگرانی کر رہے تھے۔ گذشتہ روز مخالف فریق کے مردو خواتین اچانک اُن پر حملہ آور ہوئے ، ڈنڈوں کا استعمال کیا اور شدید سنگ باری کی جس کے نتیجے میں موقع پر موجود کسان کونسلر مجاہد ، نائب ناظم فضل الرحمن ، عاشق حسین ، اعزاز ربانی اور سجاد الرحمن زخمی ہوئے ، جبکہ دوسرے فریق میں سے ایک نوجوان غفار الدین کو معمولی چوٹیں آئیں۔ایون پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے خلاف کراس ایف آئی آر درج کر لئے گئے ہیں جن میں فریق اول کے طور پر ویلج ناظم مجیب الرحمن ،نائب ناظم فضل الرحمن ، کونسلر مجاہد سمیت دس افراد کے خلاف اور فریق دوئم کے طور پر محی الدین ، طاہر ، اشرف سمیت 23فراد کے خلاف ایف آئی آر چاک کئے گئے ہیں ۔ زخمیوں میں کونسلر مجاہد کو گُھٹنے پر شدید زخم کی وجہ سے پشاور ریفر کردیا گیا ہے ۔ تصادم میں ایک خاتون کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لی گئی ہے ۔ کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں