رکن صوبائی اسمبلی کے فنڈسے تعمیر شدہ سہت موڑکہو روڈ کاافتتاح کر لیا گیا

چترال(نذیرحسین شاہ)رکن صوبائی اسمبلی سید سردار حسین کے فنڈ سے تعمیر ہونے والے سہت موڑکہو روڈ کا افتتاح کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق طویل عرصے سے حل طلب سہت روڈ کا مسئلہ بالآخر ایم پی اے سید سردار حسین کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے حل ہو گیا جسکا باضابطہ افتتاح گذشتہ روز کر لیا گیا۔ اس موقع پر ایم پی اے سید سردار حسین ، تحصیل ناظم مستوج مولانا محمد یوسف ، اسسٹنٹ کمشنر مستوج کیپٹن ( ریٹائرڈ ) عون حیدر گوندل، ایس ڈی پی اومحمد زمان ، پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال کے صدر امیر اللہ ، ناظمین، کونسلر ز اور مقامی لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔سڑک کے افتتاح کے بعدگاڑیو ں اور لوگوں کا جلوس اسی نو تعمیر شدہ راستے سے ہوتا ہوا گاؤں سہت پہنچا ۔ اس نئے رابطہ سڑک کی تعمیر سے گاؤں سہت اور آس پاس کے چالیس چھوٹے کی ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو آمدو رفت کی سہولت میسر آئی ہے۔ اس سلسلے میں منعقد ہونے والے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے معززین نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک بہت سے ایم این ایز ، ایم پی ایز الیکشن میں کامیاب ہوئے لیکن انہوں نے گاؤں سہت کے اس گھمبیر مسئلے کی طرف بالکل توجہ نہیں دی ۔ اس علاقے کے بچے بچیوں کو سکولوں تک پہنچنے ، مریضوں کی ہسپتالوں تک پہنچانے اور مقامی لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات درپیش تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایم پی اے سید سردار حسین کا ہی کارنامہ ہے جنہوں نے یہ روڈ تعمیر کرکے ہماری مشکل آسان کردی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سید سردار حسین نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سہت کے لوگوں پر احسان نہیں بلکہ یہ آپ کا حق ہے ۔انہوں نے کہا اس سڑک کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے فیزمیں مزید بالائی دیہات کو اس روڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا ، روڈ کی مزید تعمیر کیلئے فنڈ ریلیز ہو چکے ہیں ۔ ایم پی اے نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اس منصوبے کیلئے بلکہ دیگر منصوبوں کیلئے فنڈ کی فراہمی میں بھر پور تعاون کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر گہت گاؤں کیلئے سڑک کی تعمیر کی یقین دھانی کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ کی کمی نہیں ہے اور انشا اللہ گہت کیلئے بھی سڑک تعمیر کرکے اُن کی مشکلات دور کریں گے ۔ سید سردار حسین نے تحصیل مستوج میں اپنے دورانیے میں انجام دئیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا ذ کر کیا جن میں روڈز ، سکول ، گرین گودام ، واٹر سپلائی سکیموں کی بڑی تعداد شامل ہیں ۔ انہوں نے سڑکوں کی تعمیر میں بھر پور تعاون کرنے پر ایکسین سی اینڈ ڈبلیو مقبول اعظم اور کنٹریکٹر آسمار خان کے کام کی تعریف کی جبکہ موقع پر موجود انتظامی افیسران کی عوامی کاموں کے حل میں دلچسپی کو سراہا ۔ ایم پی اے نے کہا کہ بونی ، شاگرام ، وریجون کمرشل ایریاز ہیں اس لئے ان علاقوں کے زمینات کا معاوضہ کمرشل ریٹ پر دیے جائیں گے ۔ سردار حسین نے کہا کہ تحصیل مستوج کے انتہائی پسماندہ اور مشکلات سے دوچار لوگوں کے مسائل حل کرنا اُن کی اولین ترجیح ہے اوروہ پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ تحصیل ناظم مستوج مولانا محمد یوسف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے سید سردار حسین کے خدمات قابل تعریف ہیں ، انہوں نے اپنی پوری توجہ موڑکوہ کے علاقے پر مرکوز کی ہے ۔ سہت روڈ ، کوشٹ روڈ جنہیں ناممکن قرار دیا جارہاتھا ، انہیں ممکن کر دیکھایا اور انشاللہ گہت روڈ کی بھی تعمیر کرائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے نے تمام بڑے کام کئے جو نظر آنے والے اور عوام کی ضرورت کے منصوبے ہیں ۔ اور انہوں نے ووٹ بینک کی پرواہ کئے بغیر لوگوں کی مشکلات کو پیش نظر رکھ ترقیاتی منصوبے کئے جس کی وجہ سے پورے علاقے کے لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج عون حیدر گوندل نے کہا کہ چترال کے لوگ سہولیات سے محرومی کے باوجود ،باہمی اخوت ، بھائی چارہ اور امن کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ محبت کرتے ہیں ،جو کہ قابل تعریف ہے ۔ جبکہ ایس ڈی پی او محمد زمان نے نوجوانوں سے منشیات سے دور رہنے اور محنت پر توجہ دینے اور پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ۔ تقریب سے مبارک حسین شاہ لال ، کریم ، احسان الحق وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔ ایم پی اے سے بعد ازاں سہت کے خواتین کے وفد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ ایم پی اے نے یقین دلایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اُن مستحق خواتین کو شامل کیا جائے گا جو کسی وجہ سے اب تک رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے دستکاری سنٹر قائم کاری سنٹر قائم کیا جائے گا اور اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں