پیپلز پارٹی تحصیل ارندو کے سابق صدر ارندو زید اللہ وردگ ساتھیوں سمیت پی ایم ایل این میں شمولیت

دروش(جہانزیب)پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل ارندو کے صدر زیداللہ خان اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی تحصیل ارندو کے‌صدرزیداللہ خان کے پیپلز پارٹی کے ضلعی قیادت کے ساتھ بعض امور پراختلافات چلے آرہے تھے جن کا انہوں متعدد بار اظہار بھی کیا تھا، جبکہ اس ضمن میں حال ہی میں انکی پارٹی کے‌ضلعی صدر و ایم پی اے سلیم‌خان کے ساتھ ملاقات بھی ہو چکی تھی جسمیں ان امور پر بات چیت تو ہوئی مگر بقول زیداللہ کے انکے تحفظات دور نہیں کئے گئےجسکی وجہ سے بالآخر انہوں نے پیپلز پارٹی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔گذشتہ روز ایم این اے شہزادہ افتخارالدین اور شہزادہ خالد پرویز اپنے دورہ ارندو کے موقع پر زید اللہ کے گھر واقع لنگور بٹ گئے جہاں پر کثیر ساتھیوں کی موجودگی میں زیداللہ نے پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شولیت کا اعلان کیا اور اپنے گھر سے پیپلز پارٹی کا جھنڈا اتار کر مسلم لیگ کا جھنڈا لہرا دیا۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ چترال کے موقع پرباضابطہ شمولیت کا اعلان کرینگے۔
یاد رہے کہ زید اللہ تحصیل ارندو میں پیپلز پارٹی کو منظم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور گذشتہ کئی انتخابات میں ارندو کے حلقے میں پی پی پی کو کافی اچھے خاصے ووٹ ملے ہیں جبکہ گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں تحصیل کونسل کی نشست کے لئے زیداللہ نے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کئے تھے۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی دروش کے حلقوں کا بھی ماننا ہے کہ یقیناًزید اللہ کا پارٹی کا ساتھ چھوڑنا پارٹی کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔ پی پی پی کے سابق سیکرٹری اطلاعات اکمل بھٹو نے ضلعی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس فیصلے کو ان کی نا اہلی قرار دیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زید اللہ جیسے جیالے کا پارٹی سے جانا پارٹی کیلئے یقیناًبہت بڑا دھچکہ ہے۔ تاہم موصوف نے جتنا وقت پارٹی میں گزارا ہمیشہ پارٹی اور بھٹو کاز کے ساتھ وفا دار رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں